ایمیزون نے بلیک فرائیڈے کے موقع پر اپنے 300 ملین سے زائد صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن خریداری کے دوران دھوکا دہی اور اسکیمرز سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاط برتیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلیک فرائیڈے سیل کے دوران اسکیمرز نہایت فعال ہو جاتے ہیں، جس کے پیشِ نظر ایمیزون نے تین سو ملین سے زیادہ صارفین کو ای میل بھیج کر جعلی پیغامات اور جھوٹے اشتہارات سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کی ہے۔
بھیجی گئی ای میل میں ان طریقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے ذریعے جعل ساز خریداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان میں غیر متعلقہ فون کالز اور ای میلز شامل ہیں جن میں صارفین سے اپنے ایمیزون اکاؤنٹ کی معلومات یا اسناد کی تصدیق کرنے کا کہا جاتا ہے۔
نیشنل ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کے مائیک اینڈریوز کے مطابق کرسمس اور بلیک فرائیڈے کے مصروف سیزن میں اسکیمرز سب سے زیادہ سرگرم ہوتے ہیں، کیونکہ خریدار اس دوران بڑی تعداد میں خریداری کرتے ہیں۔ نیشنل ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز (NTS) کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریباً 6.4 ملین صارفین جعلی اشتہارات پر کلک کرنے کے بعد رقم سے محروم ہو چکے ہیں۔
ایمازون اور اوپن اے آئی کے درمیان 38 ارب ڈالر کا معاہدہ
ایمیزون نے صارفین کو ای میل میں کن چیزوں سے خبردار کیا ہے؟
ڈیلیوری یا اکاؤنٹ کے مسائل کا دعویٰ کرنے والے جعلی پیغامات سے محتاط رہیں۔سوشل میڈیا پر فریق ثالث کے اشتہارات اور پوسٹس سے بچیں، جو اصل
آفرز کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔ ایمیزون نے مشورہ دیا ہے کہ خریدار ہمیشہ براہِ راست ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے ہی آفرز دیکھیں۔ غیر سرکاری
چینلز سے آنے والے پیغامات جو پاس ورڈ یا ادائیگی کی تفصیلات طلب کریں، ان پر ہرگز یقین نہ کریں۔ ایسے مشکوک لنکس سے دور رہیں جو آپ کو جعلی ویب سائٹس پر لے جا کر آپ کے اکاؤنٹ کی معلومات چوری کرنے کی کوشش کریں۔
ایمیزون نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ خریداری ہمیشہ محفوظ ذرائع سے کریں اور کسی مشکوک رابطے کی صورت میں فوراً رپورٹ کریں۔
