مغربی افریقا کے ملک گنی بساؤ میں فوج نے صدر کو معزول کرکے اقتدار سنبھال لیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق گنی بساؤ میں اتوار کو صدارتی انتخابات ہوئے تھے ، آج صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونا تھا ، لیکن اعلان سے قبل ہی فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دارالحکومت بساؤ سے چلنے والے ریاستی ٹیلی ویژن پر فوجی افسران نے صدر اومارو سسکو ایمبالو کو عہدے برطرف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستی ادارے اگلے حکم تک معطل رہیں گے۔
برکینا فاسو میں فوج نے صدر کا تختہ الٹ کر اقتدارپر قبضہ کر لیا
گنی بساؤ کی فوج کا کہنا ہے کہ سرحدیں اور فضائی حدود بند اورملک میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، آئینی نظام کی بحالی تک انتخابی عمل تاحکم ثانی معطل رہے گا۔
دوسری جانب صدر کے ترجمان نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے الیکشن کمیشن پر حملہ کرکے انتخابی نتائج کا اعلان روکنے کی کوشش کی ہے۔
مڈغاسکر میں فوج نے اقتدار سنبھال لیا
گنی بساؤ 1974 میں آزادی کے بعد سے اب تک متعدد فوجی بغاوتوں کا شکار ہو چکا ہے جبکہ صدر ایمبالو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دور میں تین قاتلانہ حملوں سے بھی بچ چکے ہیں۔
