پاکستان نے ہوا بازی کی صنعت میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا، نئی ملکی ایئرلائن ’’ ساؤ تھ ایئر(South Air) ‘‘ نے باقاعدہ طور پر اپنے آپریشن کا آغاز کر دیا۔
افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس پیشرفت کو ’’تاریخی قدم‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ایئرلائن ملک کے نظر انداز شدہ شہروں کو قومی دھارے سے جوڑنے میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وہ علاقے جو اب تک محدود سفری سہولیات کے باعث مشکلات کا شکار رہے، اب بہتر فضائی رابطوں سے نئی معاشی اور سماجی سرگرمیوں کی راہ ہموار کر سکیں گے۔
ساؤ تھ ایئر نے اپنی پہلی پرواز کراچی سے ملتان کے لیے روانہ کی، جبکہ ایئرلائن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید شہروں کو نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو سفر کے زیادہ اور بہتر متبادل فراہم کیے جائیں تاکہ فضائی سفر صرف چند طبقوں تک محدود نہ رہے۔

یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں ملتان سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا فضائی منصوبہ نہ صرف جنوبی پنجاب کے وسائل اور صلاحیت کو نمایاں کرے گا بلکہ سرمایہ کاری اور ثقافتی سرگرمیوں کو بھی تقویت دے گا۔ انہوں نے ایئرلائن کے انتظامی حکام پر زور دیا کہ کرایوں کو مزید عوام دوست بنایا جائے، کیونکہ عام شہری تو کیا، عوامی نمائندے بھی اکثر زیادہ نرخوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں سیاسی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور ساؤ تھ ایئر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے توقع ظاہر کی کہ نئی ایئرلائن ملک کے اندرونی فضائی سفر میں مسابقت لائے گی، ٹورازم اور بزنس کو فروغ دے گی اور مسافروں کو وقت، سہولت اور قیمت کے اعتبار سے بہتر انتخاب فراہم کرے گی۔
