اسلام آباد، موٹروے ایم ون پر شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں پشاور ٹال پلازہ سے صوابی تک موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے سبب گاڑیوں کا بروقت نظر نہ آنا حادثات کے خطرے کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے، جس کے پیشِ نظر یہ فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ناگزیر تھا۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر جب حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہو جائے،اس لیے ٹریفک کی عارضی بندش ایک حفاظتی اقدام کے طور پراختیار کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق جیسے ہی دھند کی شدت کم ہوگی اور حدِ نگاہ بہتر ہونے لگے گی، ٹریفک کو کنٹرولڈ انداز میں بحال کردیا جائے گا۔
شدید دھند کا راج، موٹروے ایم-1 پشاور سے رشکئی تک بند
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور رفتار انتہائی کم رکھیں۔
موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ شہری اپڈیٹس کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں اور ٹریفک ایڈوائزری پر مکمل عمل کریں۔
