خیبر پختونخوا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 23 خوارج ہلاک

ISPR

سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں مزید دو مختلف کارروائیوں میں 23 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسزنے انسدادِ دہشت گردی کے تحت متعدد اہم کارروائیاں انجام دیں، کارروائیاں بالخصوص باجوڑ اوربنوں کے حساس علاقوں میں کی گئیں جہاں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی اطلاعات تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بنوں میں فتنۂ خوارج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی ایک بڑی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دی۔

ایک بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشتگرد دیسی ساختہ بارودی سرنگ نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوا جس سے ایک بڑے سانحے کا خدشہ ٹل گیا۔

بنوں میں ہونے والی کارروائی کے دوران 12 خوارج مارے گئے جبکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائی، اہم خارجی سرغنہ سمیت 15 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں کیے گئے آپریشن میں خوارج کے اہم سرغنہ سجاد عرف ابوذر سمیت 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے یہ گروہ علاقے میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور بم حملوں میں ملوث تھا اور اسے بیرونی پشت پناہی حاصل تھی۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی قبضے میں لے لیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی حمایت یافتہ فتنۂ خوارج بڑھتی ہوئی مایوسی کے باعث آسان اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے موثر اور مسلسل آپریشنز نے ان کی سرگرمیوں کو شدید حد تک محدود کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری ہیں۔

فورسز نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے خلاف سرگرم ہر خارجی اور دہشت گرد گروہ کو اسی انجام سے دوچار کیا جائے گا، کارروائیوں کا مقصد خطے میں دیرپا امن، استحکام اور دہشت گردی کے تمام نیٹ ورک کا مکمل صفایا ہے اور یہ مشن اسی عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp