لاہور، صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں صوبے بھر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی،اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی نے کی۔
اجلاس میں صحت کے شعبے کے متعدد اہم منصوبے منظور کیے گئے جن میں ڈیرہ غازی خان کے ٹیچنگ اسپتال میں 6 ارب 7 کروڑ روپے کی لاگت سے مدراینڈ چائلڈ بلاک کی تعمیر، راولپنڈی میں 8 ارب 50 کروڑ روپے سے چلڈرن اسپتال کا قیام، جبکہ بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال اور رحیم یار خان کے شیخ زاید اسپتال میں برن یونٹس کے قیام کے لیے 2،2 ارب روپے کے فنڈز شامل ہیں۔
ہمارے نمبر پورے ہیں ، 27 ویں ترمیم آج سینیٹ سے منظور ہو جائے گی ، خواجہ آصف
نارووال میڈیکل کالج کی تعمیر کیلئے 6 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی جبکہ فیصل آباد، لاہور، ملتان اورساہیوال میں آر ٹی آئی کے تحت اسکول آف نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کی اپ گریڈیشن کے لیے پوزیشن پیپرز بھی منظورکر لیے گئے۔
اجلاس میں مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے ذریعے کمیونٹی امپاورمنٹ اور ہیلتھ کیئر اسٹرینتھنگ منصوبے کے پوزیشن پیپر، پنجاب کے مختلف فزیکل ریہیبلیٹیشن سینٹرز کے منصوبے، ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ میں گاڑیوں کی خریداری اورملازمین کے پے پیکج کے پوزیشن پیپر اور انٹی گریٹڈ کریمنل جسٹس سسٹم پروجیکٹ کے پوزیشن پیپر کی بھی منظوری دی گئی۔
ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد عوام کو معیاری علاج، نرسنگ تعلیم کے معیار میں بہتری، ایمرجنسی خدمات کی مضبوطی اور صحت عامہ کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

