انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے ٹی 20 اور ٹیسٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی ہے۔پاکستانی کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے ۔
مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز 24 درجے ترقی پاکر 30 ویں، مایہ ناز اوپننگ بلے باز صائم ایوب 25 درجے ترقی پاکر 37 ویں اور صاحبزادہ فرحان 34 درجے ترقی کے ساتھ 63 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
کپتان سلمان علی آغا 15 درجے ترقی کے ساتھ 76 ویں اور تجربہ کار بیٹر فخر زمان 3 درجے ترقی کے ساتھ 78 ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔
دوسری جانب سینئر کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان جو 2024 سے ٹی -20 انٹرنیشنلز میں ایکشن میں نہیں رہے، تین تین درجے تنزلی کے بعد بالترتیب 17ویں اور 19ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث جو دورہ ویسٹ انڈیز میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے، 21 درجے تنزلی کے بعد 86 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی -20 رینکنگ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ابھیشک شرما 829 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 814پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما 804 پوائنٹص کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ٹی -20بولنگ کے شعبے میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا ٹاپ 20 میں نام شامل نہیں۔
فاسٹ بولر حارث رؤف بدستور 26 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ عباس آفریدی تین درجے تنزلی کے بعد 27 ویں پوزیشن پر چلے گئےہیں۔بولنگ کے شعبےمیں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے، انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین تیسرے نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی نےبالرز کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی
اسی طرح ٹی -20 آل راؤنڈر ز میں بھارت کے ہارڈیک پانڈیا پہلے نیپال کے دیپندر سنگھ ایری دوسرے جبکہ افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان کے صائم ایوب نے 70 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
محمد نواز 13 درجے ترقی پاکر 36ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ کے شعبے میں بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج اور پراسِدھ کرشنا نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد اپنی کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے مین آف دی میچ محمد سراج نے 12 درجے ترقی پاکر 15ویں پوزیشن حاصل کی ہےجبکہ پراسِدھ کرشنا 25 درجے ترقی پاکر 59ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، یہ دونوں بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں اب تک کی بلند ترین پوزیشن ہے۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس ایٹکنسن پہلی بار ٹیسٹ بولرز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہوئے ہیں جبکہ جوش ٹنگ 14 درجے بہتری کے بعد 46ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بولرز میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے ،جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح ٹیسٹ بیٹرز میں اوول ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے بھارتی بیٹر یشسوی جیسوال نے بیٹنگ رینکنگ میں تین درجے ترقی پائی ہے اور وہ پہلی بار ٹاپ 5 بیٹرز میں شامل ہو گئے ہیں، ان کے ریٹنگ پوائنٹس 792 ہو گئے ہیں۔ تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
