شریف خاندان مقدمات : احتساب عدالت نے مزید مہلت مانگ لی

Court

اسلام آباد:  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت مکمل کرنے کے لیے مدت میں مزید توسیع مانگ لی ہے۔

جج محمد بشیر کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ (لندن فلیٹس ) ریفرنس میں توسیع کا بیشتر وقت صرف ہوا جس وجہ سے باقی کیسز پر سماعت مکمل نہ ہو سکی۔

خط کے متن میں گزارش کی گئی ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ ہو گیا ہے جبکہ عزیزیہ، فلیگ شپ اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز پنڈنگ ہیں لہذا باقی تینوں ریفرنسز کو نمٹانے کے لیے دی گئی مدت میں مزید توسیع دی  جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس کیس میں سابق  وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کے خلاف مقدمات درج کرنے اورچھ  ماہ میں ان مقدمات  کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل کا آغاز 14 ستمبر 2017 کو ہوا تھا۔

احتساب عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرنے کی ڈیڈلائن میں تین مرتبہ  توسیع کرچکی ہے۔


متعلقہ خبریں