اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا ہے۔
جعلی اکاونٹس ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے آصف زرداری، فریال تالپور، نیب اور ایف بی آر کے چیئرمینز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری ہونے والے تحریری حکمانے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک جعلی اکاونٹ ہولڈرز،رقم جمع کرانے والے، رقم لینے والے اور فائدہ اٹھانے والوں کے نام ای سی ایل میں رہیں گے۔
حکم نامے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس ( آئی جی ) سندھ کو ہدایت کی گئی ہے جعلی اکائونٹس سے منسلک تمام افراد کی حاضری یقینی بنائیں۔ عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائی کورٹ سے تمام زیرالتوا مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف معروف بینکار حسین لوائی سے کی جانے والی تحقیقات کے نتیجے میں ہوا تھا۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے چند روز قبل حسین لوائی کو گرفتار کیا ہے۔
حسین لوائی کے خلاف تحقیقات 2014 میں شروع ہوئ تھیں۔ تحقیقات ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے کی ہیں۔
چار سالہ تحقیقات میں آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید ملوث بتائے گئے ہیں۔
اس ضمن میں کی جانے والی مزید تحقیقات کے نتیجے میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے نام سامنے آ ئے ہیں۔