بھارت کے ساتھ جو بات ہو گی برابری کی بنیاد پر ہو گی، مصدق ملک


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ جو بات ہو گی برابری کی بنیاد پر ہو گی۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرزمین پر بھارتی دہشت گردی کے ڈوزئیر دے رہے ہیں۔ بھارت آگ اور خون کی ہولی مت کھیلے اور عقل کی بات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پہلے 2 طیارے گرائے۔ اب 6 اور اگلی بار 60 گرائیں گے۔ کشمیر سمیت تمام مسائل پر بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات چاہتے ہیں۔ اور تاریخ میں پہلی بار دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، احسن اقبال

مصدق ملک نے کہا کہ سفارتی فتح کا سہرا وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو جاتا ہے۔ اور آج ہماری سفارتی فوقیت کی بڑی وجہ بھارت سے ہماری عسکری فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین، چار دن کی جنگ میں بھارت کا برتری کا خواب خاک میں مل گیا۔ اور بھارتی جدید لڑاکا طیارے رافیل چڑیوں کی طرح نیچے گرے۔ دنیا پر واضح ہو گیا پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔ لیکن جنگ میں فتح کے باوجود ہم امن کا پیغام لے کر چلے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کا حجم تاریخ میں پہلی دفعہ 400 ارب ڈالر کی حد عبور کر گیا، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں حقیقی امن چاہتا ہے۔ اور بھارت کے ساتھ جو بات ہو گی برابری کی بنیاد پر ہو گی۔ بھارت کی طرف سے پانی روکنے کی باتیں جنگ کی باتیں ہیں۔ اور بھارت ہمارا پانی بند کرے گا تو کیا ہم خاموش رہیں گے۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف بغیر ثبوت کے الزامات لگائے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں