واشنگٹن: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 دن کی جنگ کا نتیجہ ہے کہ بھارتی بھی کہتے ہیں کشمیر دوطرفہ تنازع ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے 24 کروڑ افراد کے پانی کے حق پر حملہ کر رہا ہے۔ اور بھارتی حکومت آنے والی نسلوں کو پانی پر جنگوں کے لیے مجبور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بی ایل اے جیسی دہشتگرد تنظیموں کو سپورٹ کر رہا ہے۔ جبکہ پاکستان نے بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے کئی ثبوت دیئے۔ افغانستان میں موجود دہشتگرد گروپ پاکستان کے لیے مسئلہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دینا ذہنی غلامی کی انتہا ہے، حافظ نعیم الرحمان
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ دن پہلے بلوچستان میں اسکول بس پر حملے میں بچوں کو شہید کیا گیا۔ پاکستان بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سے نبردآزما ہے۔ اور پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں۔ اور 5 دن کی جنگ کا نتیجہ ہے کہ بھارتی بھی کہتے ہیں کشمیر دوطرفہ تنازع ہے۔ اس سے پہلے بھارت کہتا تھا کہ کشمیر ہمارا اندرونی معاملہ ہے۔ لیکن امریکی صدر نے کہا عالمی تنازع ہے۔ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر حل کرنے کی بات کی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں۔ اور پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کو غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔ پاکستان اور بھارت میں اگلی بار جنگ ہوئی تو مداخلت کرنے کا وقت نہیں ہو گا۔ اور اگر بھارت بات ہی نہیں کرے گا تو مسائل کیسے حل ہوں گے۔