کیپٹن صفدر نے آج ہی گرفتاری دینے کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے آج ہی گرفتاری دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے ایک آڈیو پیغام میں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے کہا کہ گرفتاری دینا میری غیرت کا تقاضا  ہے، جس شہر سے پارٹی نے میری گرفتاری کا فیصلہ کیا ہے میں وہاں گرفتاری دینے جا رہا ہوں۔

کیپٹن صفدر نے کہا کہ میں نون لیگ کا کارکن ہوں اور پارٹی کو کامیاب کراؤں گا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ نون انتخابات میں ہزارہ ڈویژن سے کلین سویپ کرے گی۔

کیپٹن صفدر نے نواز شریف سے مشاورت کے بعد گرفتاری دینے کا اعلان کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کی رات سے اُن کا نواز شریف سے رابطہ نہیں ہورہا، جیسے ہی رابطہ ہو گا وہ مشاورت کے بعد اپنی گرفتاری کے فیصلے سے آگاہ کر دیں گے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم کیپٹن محمد صفدر کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ہفتے کو نیب کی تین ٹیمیں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو گرفتار کرنے مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور پہنچیں جہاں انہوں نے مختلف گھروں پر چھاپے بھی مارے تا ہم کیپٹن صفدر کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔


متعلقہ خبریں