ایم کیو ایم کے بانی رکن سلیم شہزاد انتقال کر گئے


کراچی: متحدہ قومی مومنٹ (سابق مہاجر قومی موومنٹ)  کے بانی رکن سلیم شہزاد اتوار کو لندن میں انتقال کر گئے۔

سلیم شہزاد گزشتہ تین ماہ سے ایسٹ لندن کے اسپتال میں زیرعلاج تھے، وہ معدے اور جگر کے کینسر میں مبتلا تھے۔

سلیم شہزاد کے اہلخانہ کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین دو روز بعد لندن میں ہی کی جائے گی، سلیم شہزاد نے بیوہ اور پانچ بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

سلیم شہزاد نے 1992 میں کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بعد جلاوطنی اختیار کر لی تھی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے ہسپتال میں شدت پسندوں کا علاج کرانے کے مقدمے میں سلیم شہزاد کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہوا تھا۔

خصوصی عدالت نے گذشتہ برس جنوری میں سلیم شہزاد، میئر کراچی وسیم اختر، انیس قائم خانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پیٹیل کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

سلیم شہزاد 6 فروری 2017 کو خود ساختہ طویل جلاوطنی ختم کرکے براستہ دبئی جب کراچی پہنچے تو انہیں ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کر لیا گیا تھا کیونکہ ان کے خلاف مجموعی طور پر 23 مقدمات درج تھے۔

سلیم شہزاد نے عدالت میں پیشیوں کے دوران نئی پارٹی بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

2 جون 2017 میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سلیم شہزاد کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے اور 21 جون 2017  کوعدالت کی اجازت سے  وہ لندن گئے تھے جہاں اُن کا علاج جاری تھا۔


متعلقہ خبریں