بنوں میں مجلس عمل امیدوار کے قافلہ پر بم حملہ

فائل فوٹو


بنوں: خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کے تھانہ بکاخیل کی حدود میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی کے 89 ملک شیریں کے قافلہ پر بم حملہ ہوا جس میں سات افراد زخمی ہو گئے۔

بنوں پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکا تختی خیل نامی علاقے میں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریموٹ کنٹرولڈ بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملک شیرین مالک پی کے 89 سے ایم ایم اے کے امیدوار ہیں، ریموٹ کنٹرول بم حملہ میں ان کے قافلہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

مجلس عمل کی مقامی قیادت نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملہ کے وقت ایم ایم اے کے امیدوار علاقے میں انتخابی جلسہ کے لیے جا رہے تھے۔

بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ ریموٹ کنٹرول بم حملہ کا نشانہ بننے والے ایم ایم امیدوار سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

متحدہ مجلس عمل کی گزشتہ صوبائی حکومت میں وزیراعلی خیبرپختونخوا رہنے والے اکرم خان درانی بھی بنوں کے حلقہ این اے 35 سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ تحریک انصاف سربراہ عمران خان بھی اسی حلقہ سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔


متعلقہ خبریں