اسلام آباد: (ہیڈ اہم انویسٹیگیشن، زاہد گشکوری) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے امریکی ہم منصب سے فوری جنگ بندی کروانے پر مدد طلب کی۔
پاک بھارت جنگ بندی کیسے ممکن ہوئی؟ سفارتی ذرائع نے ہم انویسٹی گیشن ٹیم کو بتایا ہے کہ امریکی اور سعودی عرب کی درخواست پر پاکستان نے بھارت کی فوری جنگ بندی کی درخواست پراتفاق کیا۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پاکستانی فوج کے میزائل حملوں کے بعد بھارت نے کل رات گئے امریکی حکومت سے رابطہ کیا تھا۔ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکرنے اپنے ہم منصب امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مارک روبیو سے بات کی۔ بات چیت میں جے شنکر نے پاکستان سے فوری جنگ بندی کروانے پر مدد طلب کی تھی۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بھارت کی درخواست پر مارک روبیو نے آج صبع سویرے آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے رابطہ کیا۔ مارک روبیو نے پھر ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار سے بھی بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی میزائل حملوں کے بعد بھارت مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور ہوا، امریکی صحافی
سفارتی ذرائع کا یہ بھی بتانا تھا کہ بھارت نے جنگ بندی کے لیے سعودی حکومت سے بھی درخواست کر رکھی تھی۔ سعودی وزیر خارجہ نے آج صبح اسحاق ڈار سے بھارت کی درخواست سے متعلق بات کی۔
سعودی ہم منصب نے اسحاق ڈار کو بھارتی حکومت کی درخواست پہنچائی تھی۔ پھر سہ پہر کے وقت دونوں ممالک کے ڈی ایم اوز نے بات کر کے جنگ بندی پہ اتفاق کیا۔ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہم انویسٹی گیٹس کو بتایا ہے کہ دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔