اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سیز فائر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ پاکستان نے بھارت کی دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آپریشن کو24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے تھے کہ بھارت پاکستان کے مؤقف پر آگیا۔ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے۔ تاہم پاکستان نے بڑے تحمل سے کام لیا اور صرف اپنا دفاع کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنگ بندی بہت بڑی کامیابی ہے۔ اور پاکستان نے بھارت کے 5 جہاز گرا کر تاریخ رقم کی۔ پاک فضائیہ میں صلاحیت ہے اور ہم بھرپور جواب دے سکتے ہیں۔ اس دوران پاکستان نے 100 کے قریب بھارت کے ڈرونز کو گرایا۔ اور بھارت نے رات کے اندھیرے میں ایئربیسز پر حملہ کیا جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کہا تھا کہ جب ہم حملہ کریں گے تو اس کی گونج دنیا سنے گی۔ اور پاکستان کے جواب کی گونج نے ہی بھارت کو بات چیت کرنے پر تیار کیا۔ اب اگر بھارت مذاکرات کی میز پر آتا ہے تو یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے، نواز شریف
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا۔ اب اس سندھ طاس معاہدے کو بحال کرایا جائے۔ پاکستان ایئر فورس کا نام تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔ اور سیز فائز سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی کامیابی ہے۔ ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کی۔ بھارت پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات سے کیوں ہچکچا رہا ہے؟۔ جبکہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ہم نے اپنی سرزمین سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کو گرفتار کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہشمند ہے مگر اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اور پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے۔