اسلام آباد: سفارتی ذرائع نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی کا اطلاق 12 مئی دوپہر تک ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے خطے کے امن کی خاطر جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ 7 مئی سے بھارت پاکستانی خودمختاری کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جبکہ بھارتی ڈرون اور میزائل حملوں نے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کی شب بھارت نے بیسز پر حملے کیے۔ تاہم پاکستان نے اقوام متحدہ چارٹر کے تحت دفاع کا حق استعمال کیا۔ اور پاکستان نے کامیابی سے اپنے علاقے کا دفاع اور ڈیٹرنس بحال کیا۔ پاکستان بھارتی بالادستی کا خواب ناکام بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے، نواز شریف
سفارتی ذرائع نے کہا کہ بھارت کے حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اور بھارتی اقدامات علاقائی و عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ جبکہ جوہری ریاستوں کے درمیان تناؤ دنیا کے لیے خطرناک ہے۔ جنوبی ایشیا بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی تجویز دی۔ لیکن بھارت نے تحقیقات کی تجویز مسترد کر کے جارحیت کا راستہ اپنایا۔ اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کی صلح کی اپیلوں کو بھارت نے نظر انداز کیا۔
پاکستان نے عالمی برادری کو بھارت کی بدنیتی سے آگاہ کر رکھا تھا۔ تاہم اب بھارتی جارحیت کا ہر سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔ خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں لیکن بھارت کو جارحیت روکنا ہو گی۔