پاکستان نے رافیل سمیت بھارتی طیارے تباہ ہونے کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیے


پاکستان نے رافیل سمیت بھارتی طیارے تباہ ہونے کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیے، طیارے تباہ ہونے کی لوکیشن، الیکٹرونک آئی ڈیز کے علاوہ گھبراہٹ کا شکار بھارتی پائلٹس اور ایئر کنٹرولر کی آڈیو بھی بین الاقوامی میڈیا کو سنا دی۔

ڈپٹی چیف آف ایئرآپریشن پاک فضائیہ اورنگزیب نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ بھارت نے گزشتہ بار کہا تھا رافیل ہوتے تو معاملہ تبدیل ہوتا، اس لیے اس بار بھارت کے رافیل کو نشانہ بنایا، مزید بھارتی طیارے بھی تباہ کر سکتے تھے لیکن تحمل کا مظاہرہ کیا، ایک گھنٹے سے زائد فضا میں جنگ ہوتی رہی، پاکستان نے تاریخ رقم کر دی، پاکستان کی کامیابی فضائیہ کے نصاب میں پڑھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے پاک فضائیہ پراعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہیں اور بھارتی حملوں کےخلاف پاکستان کےکامیاب دفاع پرخدا کے شکرگزارہیں، بھارتی حملوں میں33نہتےپاکستانی شہری شہیداور62زخمی ہوئے، پاک فضائیہ بھارتی حملوں کےخلاف دومنٹ میں حرکت میں آئی۔

دوسری طرف ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہےکہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے 6 ڈرون سے ننکانہ صاحب پر حملہ کیا جسے ناکام بنایا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کو پریس بریفنگ میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے کے وقت 57 مسافر طیارے فضا میں تھے، بھارت نے ائیرلائنز کے مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، بھارتی حملوں میں 2 سال کی بچی نشانہ بنی اور بھارتی میڈیا اس پر جشن منارہا ہے،ہم جوابی کارروائی میں صرف بھارتی فوج کی پوسٹوں کو نشانہ بنارہے ہیں، ہم بھارتی فوج کے ان پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہیں جہاں سے پاکستان پر فائرنگ ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملےکیے جا رہے ہیں، بھارت میں کھلے عام مسلمانوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گردوں کو معاونت فراہم کر رہا ہے، بھارت نے غیرجانبدار سوشل میڈیا اکاؤنٹس بندکردیے، ہر کچھ سال بعد بھارت ایک جھوٹی کہانی بنا کر بیانیہ بنانا شروع کردیتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جعلی انکاؤنٹرز بھارتی قابض فوج کا معمول ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ،امریکا ،کینیڈا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا اسپانسر ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان میں حملوں کے لیے دہشت گردوں کو بھارت سے ٹاسک دیے جاتے ہیں، بھارتی فوج کے اہلکار ان دہشت گردوں کو کارروائی کے لیے ٹاسک دیتے ہیں، بھارتی فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان کمیونیکشن کے ثبوت موجود ہیں۔

بھارتی جارحیت، غیور سکھوں کا بھارت کیخلاف کھڑے ہونے کا اعلان

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نےکل پاکستان پر لانگ رینج میزائلوں سے حملہ کیا، بھارتی میڈیا جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے، برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر نے نماز جنازہ پڑھانے والے پر جھوٹا الزام لگایا، بھارتی حکومت کہہ رہی ہےکہ نماز جنازہ پڑھانے والا مارا گیا ہے، برکھادت جیسی بھارتی صحافی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جھوٹی خبریں نشر ہوئیں، عالمی میڈیا بھارتی میڈیا کی خبروں سےمتعلق تحقیقات کرلیا کرے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں میں 33 پاکستانی شہری شہید اور 62 افراد زخمی ہوئے، بھارت کشمیر کے معاملے کو اندرونی مسئلہ بتارہا ہے، بھارت نےایل او سی پر کشمیرمیں شہری علاقوں کونشانہ بنایا، بھارت آزاد کشمیر میں صرف شہریوں کو نشانہ بنارہاہے، ہم ایل او سی پر بھارت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہم ایل او سی پر صرف ملٹری پوسٹس کو نشانہ بناتے ہیں، ہم نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا، پہلگام اور اس کے بعد بھارت کی کارروائیاں ہمارے انسداد دہشت گردی آپریشن کو متاثرکرنےکے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے تمام آزاد میڈیا کو اپنے ہاں بند کردیا، ہم یہ اجازت نہیں دیں گے آپ کچھ عرصے بعد ایک کہانی گھڑیں، ہمیں بھارت کے اسٹیٹ کنٹرولڈ میڈیا کی ضرورت نہیں ہے، بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی کنونشن کی خلاف ورزی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اگر بھارت کہتا ہے تو اس کے لیے آزادانہ انکوائری کرالے، ہم کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی حمایت نہیں کرتے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ان کا اپنا نظریہ ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف آخری دیوار ہے۔


متعلقہ خبریں