اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے بند ہونے کی وجہ سے بھارتی ایئرلائنز کو 200 کروڑ سے زائد کا نقصان ہو گیا۔
بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود گزشتہ 9 روز سے بند ہے۔ اس دوران بھارت کی ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔
پڑوسی ملک کی ایئرلائنز کو 9 روز میں 200 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، سپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی کئی پروازیں منسوخ ہوئیں۔
پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہو کر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے۔ جبکہ لمبے روٹ سے فیول اور دیگر دگنے اخراجات نے بھارتی ایئرلائنز کی کمر توڑ کر رکھ دی۔
بھارتی ایئرلائن انڈیگو ایئر کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ انڈیگو ایئر کا وسط ایشیائی ملکوں کے لیے تاحال فضائی آپریشن معطل ہے۔ جبکہ دہلی، ممبئی، امرتسر، بنگلور، احمد آباد سے دبئی کی بھارتی پروازیں بھی شدید متاثر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پاکستان سے ڈاک اور پارسل کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی، پاکستان کا جوابی اقدام
ذرائع کے مطابق امریکہ جانے والی بھارتی پروازوں کے عملہ کو یورپ میں تبدیل کرنا پڑ رہا ہے۔ 2 بار لینڈنگ اور ری فیولنگ سے بھارتی ایئرلائنز کو ایئرپورٹ چارجز کی مد میں بھی یومیہ کروڑوں روپے ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔
بھارتی مسافروں کو دہلی، ممبئی، امرتسر، احمد آباد سے امریکہ، برطانیہ، یورپ کی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے سے شدید پریشانی لاحق ہے۔ بھارتی مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے پر ایئرلائنز سے ریفنڈز بھی نہیں مل سکا۔