بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا ، سینٹ میں متفقہ قرارداد منظور

سینیٹ

سینیٹ نے بھارتی الزامات اور اقدامات کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارتی اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ منظور کر لیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان یکطرفہ بھارتی اقدامات اور ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے قابل تعریف ، پوری قوم ساتھ کھڑی ہے ، صدر زرداری

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہے، بھارت کی طرف سے کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

قرارداد کے مطابق پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔بے گناہ شہریوں کا قتل پاکستان کے اقدار کے خلاف ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ اسحق ڈار نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب ماضی جیسا دیا جائے گا۔ ہم نے سیاسی فیصلے کر لیے ہیں، ہم سیاسی طور پر سب ایک پیج پر ہیں، قرار داد کی تیاری میں تعاون پر اپوزیشن لیڈر کے شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر بھی کوششیں جاری ہیں، 26 ممالک کو کل بریفنگ دی اور حالات سے آگاہ کیا، دیگر کو آج بریفنگ دی جائے گی، آج سعودی وزیرِ خارجہ سے شام 7 بجے بات ہو گی۔

قومی سلامتی اور خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان

انہوں نے مزید کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، قومی سلامتی کمیٹی کہہ چکی پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہو گا، سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ معطل نہیں کیا جا سکتا، معاہدے میں لکھا ہے کہ اسے ختم کرنا ہے تو اتفاقِ رائے سے ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے میں امن اور ترقی نہیں ہو رہی، اس کی ایک بڑی وجہ بھارت ہے، سارک چاہتا ہے کہ ترقی ہو لیکن ایک ملک کی ہٹ دھرمی اس کو آگے نہیں جانے دیتی۔

 


متعلقہ خبریں