لندن فلیٹس کا فیصلہ محفوظ کر لیں خود سننا چاہتا ہوں ، نواز شریف

ایون فیلڈ کا فیصلہ صرف چند دن کیلئے روک لیں، نوازشریف | urduhumnews.wpengine.com

لندن/اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں کہ کمرہ عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس (لندن فلیٹس) کا فیصلہ سنوں۔ انہوں نے کہا کہ میں تین ماہ کے لیے نہیں، فیصلہ چند دن محفوظ رکھنے کا کہہ رہا ہوں. انہوں نے کہا کہ پاکستان جانے سے پہلے اہلیہ کو ہوش میں دیکھنا چاہتا ہوں اور جیسے ہی اہلیہ کی طبیعت ٹھیک ہوتی ہے فوراً وطن  واپس جاؤں گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 21 دن سے میری اہلیہ وینٹی لیٹر پرہیں اور گزشتہ روز ہی ان کا آپریشن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز  پرامید ہیں کہ کچھ  روز میں بیگم کلثوم نواز کی طبیعت خطرے سے باہر ہوجائے گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھاگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ڈکٹیٹرنہیں ہوں کہ ڈرکربھاگ جاؤں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کانمائندہ ہوں اور بزدلی کا مظاہرہ کرکے قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حق حکمرانی اور ووٹ کی عزت کے لیے ہرقربانی دینے کوتیار ہوں۔

پی ایم ایل (ن) کے قائد نے کہا کہ کسی مرحلے پرقانونی طریقہ کارسے انحراف نہیں کیا، ابھی تومیرے خلاف مزید دو ریفرنسزپرکارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جولائی 2017 سے اب تک ہرطرح کے فیصلوں اور یکطرفہ کارروائی کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میرے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے واقف ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ ’ووٹ کو عزت دو‘ بہت بڑا مشن ہے اور مشن کی تکمیل کے لیے ہرمشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  قربانی دینا پڑتی ہے اور میں ہرقربانی دینے کے لیے تیارہوں۔

قائد پی ایم ایل (ن)  نے کہا کہ پاکستان میرا ملک ہے، اپنے ملک پر جان نچھاور کرنے والا بندہ ہوں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان میں میڈیا کیوں آزاد نہیں ہے؟ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا بزرگوں نے قربانیاں اس لیے دی تھیں کہ لوگوں کو دھمکیاں دی جائیں اور ظلم کا دورہو؟

سابق وزیراعظم نوازشریف نے دعویٰ کیا کہ عوام کی حکمرانی کا راستہ روکنے والے عبرت کا نشان بنیں گے کیوں کہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کے مشن میں قوم کےساتھ ہوں اور قوم میرے ساتھ ہے۔


متعلقہ خبریں