لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں ترقیاتی اسکیموں اور منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی نئی حکمت عملی مرتب کی گئی۔ اجلاس میں اگلے سال آنے والی ہر شعبے کی اسکیم کا ورک آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں سالانہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق نصف سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ فیز ٹو میں آنے والی نئی اسکیموں پر پیشگی کام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ صحت سہولیات کی فراہمی سے متعلق 904 بنیادی ہیلتھ یونٹس مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جبکہ فروری تک ترقیاتی منصوبوں کے لیے 262 ارب روپے جاری کر دیئے جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی 20 ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج سے متعلق منصوبہ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج لیکج روکنے کے لیے بہتر اور پائیدار منصوبہ تیار ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 100 ارب روپے تکمیلی منصوبوں پر مزید خرچ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی پر اڈیالہ میں 21 ماہ کا خرچہ 55 کروڑ
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ عوامی سہولت کے لیے اب تک 72 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ جبکہ سڑکوں کی معیاری تعمیر کے لیے ٹھیکیداروں کو میرٹ پر ٹھیکے دیئے گئے۔ تعمیراتی سامان اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ اور تعمیر شدہ سڑکوں کے معائنے اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔
گوجرانوالہ اوور ہیڈبرج کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پارکس اور قبرستانوں کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔
لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے باقی ماندہ فنڈز بھی عوامی بہبود پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ لاہور اور مری ڈیولپمنٹ منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں سستی برداشت نہیں ہو گی۔ اور ترقیاتی کاموں کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔