اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے 17 مئی کو سعودی عرب پر کیے گئے ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کو ناقابل قبول سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے نہ صرف سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ بلکہ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس نازک وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے باہمی دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں بڑی تعداد میں فوجی، لڑاکا طیارے اور فضائی دفاعی نظام تعینات کیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب یا پاکستان کی جانب سے اس پیشرفت کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ریاض میں “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” پر دستخط کیے تھے۔ جس کے تحت دونوں میں سے کسی ایک ملک پر حملے کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
دونوں فریقین نے اس معاہدے کو خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے طور پر بیان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی یو اے ای پاور پلانٹ پر حملہ کی مذمت، فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست
مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت اور ڈیٹرنس کو مضبوط بنانا ہے۔
