ملک میں پانی کا ذخیرہ تاریخ کی کم ترین سطح پر


اسلام آباد: پاکستان بھر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور ملک میں پانی کا کل ذخیرہ دس لاکھ ایکڑ فٹ سے بھی کم رہ گیا ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق اس وقت ملک میں پانی کا کل ذخیرہ صفراعشاریہ 89 ملین ایکڑ فٹ ہے جو ملکی تاریخ میں پانی کے ذخیرے کی کم ترین سطح ہے۔

ارسا حکام کا کہنا  ہے کہ دریاؤں میں پانی کی آمد دو لاکھ 58 ہزار آٹھ  سو کیوسک ہے جب کہ پانی کا اخراج دو لاکھ 72 ہزار کیوسک  ہے، تربیلا ڈیم  اور چشمہ ڈیم میں پانی ڈیڈ  لیول کے قریب پہنچ گیا ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1398 فٹ، منگلا ڈیم میں 1117 فٹ اور چشمہ ڈیم میں 641 فٹ  رہ گئی ہے۔

ارسا  ذرائع  کا کہنا ہے کہ ڈیموں میں پانی کی اسٹوریج صرف 9 لاکھ ایکڑ فٹ ہے جن میں تربیلا ڈیم میں پانی کی اسٹوریج  ایک لاکھ  28 ہزار، منگلا ڈیم میں 7 لاکھ 18 ہزار ایکڑ فٹ  اور چشمہ میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 44  ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

گزشتہ دنوں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ایک کیس کی سماعت کے موقع پر بتایا کہ ڈیمز کے ماہرین کے اجلاس میں ملک میں فوری طور پر دو ڈیمز کی تعمیر پر اتفاق ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں