صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وکٹری اسپییچ میں کہا کہ ایک بار پھر صدر منتخب کرنے پر عوام کا مشکور ہوں۔ امریکی عوام نے ایک بار پھر مجھ پر اعتماد کیا۔ ہم پھر امریکہ کو عظیم بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی عوام نے ٹرمپ کو تبدیلی کیلئے مینڈیٹ دیا، ایلون مسک
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرا ایجنڈا قوم کی بہتری کے لیے تھا۔ امریکی عوام کی بہتری کے لیے مضبوط اقدامات کریں گے۔ مضبوط اور جمہوری روایات کا حامل امریکہ اولین ترجیح ہے۔ امریکہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے اور میری کامیابی امریکی عوام کی فتح ہے۔ ہر امریکی شہری کے حقوق کے لیے لڑوں گا۔
نومنتخب امریکی صدر نے کہا کہ یہ ایک سیاسی فتح ہے ، امریکہ کو پھر ترقی کی طرف لے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ امریکی عوام نے طاقتور مینڈیٹ دیا اور ہم نے صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔ امریکہ میں سنہری دور کا آغاز ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سینیٹ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور امریکہ اب نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔ ایلون مسک نئے ستارے بن کر ابھرے ہیں۔ اور اب ہم امریکہ کے زخم بھرنے جا رہے ہیں۔ یہ ملکی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی تحریک تھی۔ امریکہ کو مضبوط بنانے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بہترین انتخابی مہم چلانے پر ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ محفوظ امریکہ کے لیے ہمیں سرحدیں سیل کرنا ہوں گی اور ہم امریکہ میں لوگوں کی قانونی آمد کے خواہاں ہیں۔