ڈیڑھ ماہ میں بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات ختم ہو جائیں گے، بیرسٹر سیف کا دعویٰ

Saif

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ڈیڑھ ماہ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تمام مقدمات ختم ہو جائیں گے۔

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق خاتون اول بشری بی بی سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ تاہم وہ سیاست میں آئیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

گورنر کے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خود علاج کی ضرورت ہے۔ اور وہ ذہنی معذور اسپتال میں اپنا علاج کروائیں۔ شکر کریں آپ کو گورنر ہاؤس رہنے کے لیے دیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی میڈیا پر رہنے کے لیے شوشے چھوڑتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 9 نومبر کو فائنل کال دیں گے، جو ہو گا دیکھا جائے گا، علی امین گنڈاپور

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت لائف انشورنس کمپنی بنانے جا رہی ہے۔ جہاں روزگار، تعلیم اور صحت اسکیموں کی انشورنس اسی کمپنی کے تحت ہو گی۔ ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام سے سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے نورین نیازی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

نورین نیازی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اور آئے روز مقدمات میں بانی کو ملوث کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا حق ہے کہ اسے اپنے خلاف مقدمات کا علم ہو۔

انہوں نے استدعا کی کہ بانی کے خلاف نامعلوم مقدمات درج ہیں۔ لہذا تمام درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم دیں۔ بانی کی کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا جائے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں