اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں۔ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے کئی مہینے سے احتجاج احتجاج کھیل رہے ہیں تو کھیلتے رہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بیگم صاحبہ بھی فرنٹیئر چلی گئی ہیں۔ اور پی ٹی آئی والے ہی کہتے ہیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوا ہے۔ لیکن اب بیگم صاحبہ بھی وہاں چلی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کس طرف اشارے مل رہے ہیں۔ انڈر ہینڈ کوئی واردات تو نہیں ہو رہی کیونکہ ہر جگہ رولا پڑا ہوا ہے کہ ان کی کوئی ڈیل یا کوئی انڈر اسٹینڈنگ ہوئی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا اسلام آباد یا لاہور میں گھر ہے وہ وہاں رہتیں۔ لیکن وہ پشاور کیوں چلی گئی ہیں؟ یہ ایک سوالیہ نشان تو بنتا ہے؟
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن نے وقت کے ساتھ سبق سیکھا، عبدالقادر پٹیل
آئینی ترمیم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں۔ کیونکہ اس قسم کا کام ابھی تک تو کسی طرف سے بھی شروع نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں مقدمات پہلے بھی چلتے رہے ہیں۔ جبکہ امریکہ میں جو ہنگامے پچھلے انتخابات سے پہلے ہوئے تھے۔ اس کے لیے انہوں نے خصوصی عدالتیں بھی بنائی تھیں۔ یہ صورتحال اس سے بڑی مختلف ہے۔ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ پر بھی حملہ کیا تھا اور ادھر فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا ہے۔