نیب کا میاں منشا کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز


لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) نے ملک کے ممتاز صنعتکار میاں محمد منشا کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع  کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان ورکرز پارٹی فاروق سلہریا کی درخواست  پر پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت میاں محمد منشا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے، درخواست گزار نے جمعرات کو نیب میں بیان دیتے ہوئے بتایا تھا کہ میاں محمد منشا نے برطانیہ میں 600 ملین پاؤنڈز کا ہوٹل خریدا ہے، انہوں نے کہا کہ میاں منشا کے خلاف منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت نیب کو دے دیے ہیں جس کے بعد نیب نے میاں منشا کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔

فاروق سلہریا این اے 62  راولپنڈی سے شیخ رشید کے مدمقابل انتخابی امیدوار ہیں۔

اس سے قبل نیب نے مسلم کمرشل بینک (ایم سی بی)  نجکاری کرپشن کیس میں بھی میاں منشا کو طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب  کی رپورٹ میں میاں منشا پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایم سی بی کو بینک کی رقم سے ہی خریدا تھا جبکہ نجکاری کے حوالے سے بھی وہ کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دے سکے۔

مسلم کمرشل بینک اور نشاط گروپ سمیت متعدد صنعتی اداروں کے مالک میاں محمد منشا پاکستان کی بڑی کاروباری اور دولت مند شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں