نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی جانب سے کل 26 ستمبر سے یکم اکتوبر 2024 تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہرکیا گیا ہے ۔ تمام متعلقہ اداروں کو ضروری احتیاطی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا، جس میں 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ سندھ کے کچھ علاقوں میں 26 ستمبر سے 28 ستمبر 2024 تک وقفے وقفے بارشیں متوقع ہیں جبکہ موسلا دھار بارش سے پنجاب کے شہری علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ کے پی کے شہروں نوشہرہ اور پشاور میں شہری سیلاب کا امکان ہے۔موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہیں، جس کے باعث رابط سڑکوں کو نقصان یا بندش کا سامنا ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔تمام متعلقہ محکموں کو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھنے، کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل کو یقینی بنانے، وسائل کو متحرک اور خطرے سو دوچار علاقوں میں ضروری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ مقامی انتظامیہ اور عوام کو موسم کی پیشن گوئی، ایڈوائزری اور الرٹس کی بروقت آگاہی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی اقدامات اور ضروری مشینری کی قبل از وقت دستیابی کو یقینی بنائیں تا کہ رابطہ سڑکوں کی ممکنہ بندش سے بروقت نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور بروقت الرٹس کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ ڈان لوڈ کریں اور موسم کی رپورٹس سے آگاہ رہیں۔