اس سے پہلے کہ اڈیالہ جیل کا گھیراؤ ہو بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے، محمود خان اچکزئی

Mahmood Achakzai

اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور عوام نے حکومت کو الٹی میئٹم دے دیا ہے۔ اس سے پہلے کہ اڈیالہ جیل کا گھیراؤ ہو بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور معاشی حالت اتنی اچھی نہیں کہ بنگلہ دیش کی طرح کسی تحریک کا جھٹکا برداشت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا درجہ حرارت 99 ڈگری سے اوپر چلا گیا ہے۔ عوام جلسے میں صرف ایک ہی بات کر رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی کو پارٹی لیڈر شپ نے ابھی تک رہا کیوں نہیں کرایا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے عوام پوچھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے کے لیے ہم نے آپ کو ووٹ دیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود ابھی تک آپ نے بانی پی ٹی آئی کو رہا کیوں نہیں کرایا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اگر اپنی مدد اپ کے تحت باہر نکل آئے۔ تو پھر وہ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ یہ ملک بھی میرا ہے اور فوج بھی میری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کی بڑھکوں سے بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہوسکتے، خواجہ آصف

محمود خان اچکزئی نے کہا بانی پی ٹی آئی پر جتنے بھی مقدمات ہیں وہ تمام ختم ہو چکے ہیں۔ اب حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ وہ انہیں باعزت طور پر رہا کر دیں۔ عوام کا غضب بہت بڑھ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیاں چل رہی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ وہ تمام مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔ اس ملک کے اندر ہم تصادم نہیں چاہتے۔ لیکن اگر یہ شروع ہو گیا تو پھر اسے روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں