نیب کا عام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین نیب


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا عام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی نظر میں سب برابر ہیں اور تمام عہدے نیب کے دفتر کے باہر ختم ہو جاتے ہیں۔

نیب لاہور کے دورے کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کی طرف سے بھیجے گئے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کیسز کو بھی جلد نمٹایا جائے، ہم اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے کیونکہ کرپشن کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، نیب افسران کسی دھمکی، دباوَ اور دباؤ کی پروا نہ کریں۔

پیر کے روز انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ نیب ہیڈ کوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد نگراں وزیرداخلہ محمد اعظم خان نے نیب کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا اور نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کی سیکیورٹی پولیس کمانڈوز کے حوالے کر دی گئی تھی۔

منگل کے روز سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ نون کے امیدوار انجینئر قمرالاسلام راجہ کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں