اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چینی وزیر خارجہ کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور اسٹریٹجک تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس سال پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ جو دونوں ممالک کی دیرینہ اور مضبوط دوستی کی عکاس ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمیشہ چٹان سے مضبوط اور اٹوٹ انگ رہی ہے۔ عالمی حالات جیسے بھی ہوں یہ تعلق ناقابل شکست رہے گا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دیگر مشترکہ منصوبوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ پاک چین تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چین نے پاکستان کو خطے میں ایک قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔
ترجمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ دورے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ کے خاتمے کیلئے بیشتر نکات پر اتفاق ہو چکا، پاکستان وفد بھیجنے کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں، ایرانی وزارت خارجہ
ملاقات کو پاک چین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ جس سے خطے میں تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔
