وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے وزیراعظم عزت لی چیانگ سے ملاقات کی۔ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے پس منظر میں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم لی چیانگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین دیرینہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون، امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں انقلابی کردار ادا کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
ایران امریکا جنگ بندی پر کافی پیشرفت ہو چکی ، معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں، وزیراعظم
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، اسٹریٹجک، سکیورٹی اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے اہم موقع کو پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی خیرسگالی کے عملی، عوام دوست اور مستقبل پر مبنی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور قریبی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی قومی ترقی اور اقتصادی استحکام کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے، طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور پاک چین شراکت داری کو عملی، نتیجہ خیز اور اعلیٰ معیار کے تعاون کے نئے مرحلے میں داخل کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر ، عطا تارڑ اور دیگر موجود تھے۔
