نئی دہلی: بھارت میں سپریم کورٹ کے جج کے مبینہ نامناسب ریمارکس پر ردعمل کے طور پر بننے والی تنظیم “کاکروچ جنتا پارٹی” ایک نئے قانونی تنازع میں پھنس گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی کے قیام کا معاملہ اب سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ جہاں اس تنظیم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تنظیم نے عدالتی ریمارکس کا مبینہ طور پر غلط استعمال اور تجارتی استحصال کیا ہے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ قانونی شعبے میں مبینہ جعلی وکلا اور جعلی ڈگریوں کی آزادانہ تحقیقات، ترجیحاً سی بی آئی کے ذریعے کرائی جائیں۔
یاد رہے کہ “کاکروچ جنتا پارٹی” اس وقت سامنے آئی تھی جب چیف جسٹس سوریا کانت نے عدالتی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کے لیے “کاکروچ” اور “پیراسائٹس” جیسے الفاظ استعمال کیے تھے، جس کے بعد یہ تنظیم وجود میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے معاملے پر امریکی صدر کے فیصلوں پر اسرائیل کا اثر محدود ہے، نیتن یاہو کا اعتراف
تنظیم نے مختصر عرصے میں سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی۔ تاہم بعد میں اس کے اکاؤنٹس بند کر دیئے گئے۔ جس کے بعد رہنماؤں نے نئے نام سے دوبارہ اکاؤنٹس فعال کر لیے۔
