کراچی والوں کو اُن کا حق دلانے آئے ہیں، شہباز شریف


کراچی: مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں اگر عوام نے ہمیں منتخب کیا تو صوبہ سندھ کو پنجاب کی طرز کا بنا دیں گے اور تمام مسائل ترجیحی بنیادوں  پر حل کریں گے، اقتدار ملا تو کراچی کو لاہور بناؤں گا۔

شہباز شریف  نے اپنے دورہ کراچی کے دوسرے روز لیاری میں جلسے سے خطاب اور مقامی ہوٹل  میں پریس کانفرنس کے علاوہ لانڈھی اور کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا،  شہباز شریف نے کہا کہ موقع  ملا  تو قائد کے شہر کی خدمت کریں گے،  وفاق اور پنجاب کی کارکردگی اور دیگر تین صوبوں کی کارکردگی آپ کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں کراچی آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور ہمیں خوشی ہے کہ کراچی کا امن لوٹ آیا ہے، مسلم لیگ نون کی کوششوں کے بعد اب کراچی میں کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ  کراچی میں پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ کے نظام سمیت شہر کو 25 سالوں میں تباہ  و برباد کر دیا گیا ہے، ہم کراچی والوں کو اُن کا حق دلانے آئے ہیں، کراچی شہر کو کچرے سے صاف کرنے اور نوجوانوں کو روزگار دینے کا وقت آگیا ہے، میں الزامات لگانے والوں کو جواب نہیں دینا چاہتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ اب کراچی آ گئے ہیں اور واپس نہیں جائیں گے بلکہ کراچی میں ہی گھر بنائیں گے اور اگر کامیابی ملی تو سندھ کے دیہاتوں میں بھی سڑکیں بنا دیں گے۔

شہباز شریف نے گرین لائن بس پروجیکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں گرین لائن کے لیے 19 ارب روپے وفاق نے دیے، یہاں لوگوں نے گرین لائن کی خوشی میں مٹھائی تو کھا لی ہے لیکن بسیں ابھی تک نہیں پہنچیں، میں عوام کا پیسہ کسی کو کھانے نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ  میں کراچی سے اچھی بسیں چلتی ہیں ہم کراچی میں پانچ سال میں پانچ  میٹرو بنا دیں گے اور کراچی کو ایشیا کا بہترین شہر بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں