مون سون بارشوں سے بلوچستان اور پنجاب میں 134 افراد جاں بحق ہو گئے، پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔
بلوچستان میں مون سون بارشوں سے 13 بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق ہوئے، بارشوں کے دوران 11 بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے، بلوچستان میں بارشوں سے866 گھر مکمل منہدم اور 13 ہزار 808 گھروں کوجزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں بارشوں سے ایک لاکھ 9 ہزار 602 افراد متاثر ہوئے، طوفانی بارشوں سے 58 ہزار789 ایکڑ پرفصلیں تباہ اور41 کلو میٹر سڑکیں متاثر جبکہ سات پلوں کو بھی نقصان پہنچا اور 4 ہیلتھ کیئر یونٹس بھی متاثر ہوئے۔ بلوچستان میں بارشوں کے دوران 346 مویشی ہلاک ہوئے۔
ملک کے مختلف شہروں میں مزید موسلادھار بارش کی پیشگوئی
پنجاب کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں رواں سال مون سون بارشوں میں 105 شہری جاں بحق، 260 زخمی، 267 گھر متاثر ہوئے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اموات آسمانی بجلی، کرنٹ لگنے، کچے گھر اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے سے ہوئیں۔ پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث 89 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ بلوچستان اور پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔