متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی ایک ماہ طویل خفیہ نگرانی اور انٹیلی جنس آپریشن کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں مختلف ممالک کے شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
ابوظبی سے جاری بیان میں امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی نے بتایا کہ گرفتارافراد میں بھارت، پاکستان، ایران، مصر اور سری لنکا کے شہری شامل ہیں۔
یو اے ای:پاکستانی سفارتخانےمیں پاسپورٹ کی پراسیسنگ معطل
حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 4 بھارتی، 4 ایرانی، 2 پاکستانی جبکہ دیگر ممالک کے افراد بھی شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی اداروں نے ملزمان کے قبضے سے 56 کلو گرام سے زائد منشیات اور 8 ہزار سے زیادہ نشہ آور گولیاں برآمد کیں، جنہیں اسمگلنگ کے ذریعے مختلف ممالک میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب کارروائی سے نہ صرف ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا بلکہ خطے میں منشیات کی ترسیل کو روکنے میں بھی اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔
