لاہور: پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے شہر کے انڈر پاسز اور پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے پلوں کو منافع بخش بنانے کے لیے لیز پر دینے کا منصوبہ بنا لیا۔
پی ایچ اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور کے 11 انڈر پاسز اور پیڈسٹرن برجز کاروباری تشہیر کے لیے لیز پر دیئے جائیں گے۔ جن انڈر پاسز کو لیز پر دیا جائے گا ان میں ڈاکٹر اسپتال، جناح اسپتال، پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس، دھرم پورہ اور مسلم ٹاؤن انڈر پاس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فیروز پور روڈ، ایف سی کالج، جیل روڈ، مال روڈ، گلاب دیوی اور فردوس مارکیٹ انڈر پاس بھی لیز پر دیئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ پنجاب فوڈ 66 سال بعد ختم کرنے کا الٹی میٹم
ترجمان کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے 11 اوور ہیڈ برجز کو بھی لیز پر دیا جائے گا۔ جن میں کینال روڈ، مراتب علی روڈ، 4 نمبر گیٹ پنجاب یونیورسٹی، جناح اسپتال، وفاقی کالونی، جوہر ٹاؤن ایچ بلاک، ایوانِ قائد اعظم اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے پل شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈر پاسز اور پلوں کو لیز پر دینے سے پی ایچ اے کو سالانہ 8 کروڑ روپے سے زائد آمدن حاصل ہونے کا امکان ہے۔