چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہوگئی.
کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر آج مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے شرکاء اپنے مقررہ راستوں سے ہوکر حسینیہ ایرانیاں پہنچیں گے،
شرکاء جلوس نماز ظہرین تاج کمپلیکس ایم اے جناح روڈ پر ادا کریں گے۔
اس موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہر میں موبائل فون سروس معطل ہوگئی ہے۔ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناظم آباد، لیاقت آباد، تین ہٹی، پی آئی بی، جہانگیر روڈ پر موبائل فون سروس بند ہوگئی۔
چہلم حضرت امام حسینؓ ، سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد
اسی طرح ایم اے جناح روڈ، صدر، لائنز ایریا سمیت دیگر علاقوں میں بھی موبائل فون سروس معطل ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی جلوس کی گزرگاہوں کے قریبی راستے اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی جبکہ ڈبل سواری اور ہیلی کیم پر بھی پابندی عائد ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ رہے گا جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔