اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت جانے والی نہیں۔ وفاق اور پنجاب کی حکومت کو نواز شریف کی رہنمائی حاصل ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جانے والی نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی ڈیل کا معاملہ زیر غور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہو گا۔ پاکستان کی ترقی کے لیے سب جماعتیں آگے بڑھ کر مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں
بجلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بجلی کے مسئلے پر حکومت کوشش کر رہی ہے کہ بجلی کے بلوں پر کمی لائی جائے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ آئی پی پیز کو دینے والے پیسوں سے جان چھڑائیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں ایک نیا پراجیکٹ لانچ کر کے ترقی کا پہیہ روکا گیا۔ بارہ بارہ سال سے فیڈریشن میں بیٹھے لوگوں کی کارکردگی صفر ہے۔
مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب کی حکومت کو نوازشریف کی رہنمائی حاصل ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا تیس مار خان ہے، میٹنگ میں کچھ اور مؤقف رکھتا ہے اور پبلک میں کچھ اور۔
انہوں نے کہا کہ جن معاملات میں خیبر پختونخوا حکومت کو وفاق کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے وہ ہو رہا ہے۔