تکنیکی خرابی : دنیا میں 1000 سے زیادہ پروازیں، ٹی وی چینلز، ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر


دنیا کے مختلف ممالک میں ٹرانسپورٹ اور پروازوں کے نظام سمیت کئی شعبے ایک عالمی تکنیکی مسئلے کی وجہ سے متاثر ہوئے جس کی وجہ کراؤڈ سٹرائیک نامی ایک سائبر سکیورٹی کمپنی بتائی جا رہی ہے۔

بی بی سی کے مطابق امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور انڈیا سمیت کئی ممالک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ اس تکنیکی مسئلے نے کمپیوٹر سے چلنے والے نظام کو متاثر کیا اور متعدد ایئرپورٹس سے پروازیں تعطل کا شکار ہوئیں۔

اس کے علاوہ ایسے ہسپتالوں، ٹی وی چینلز، بینک اور سٹاک مارکیٹوں کا کام بھی متاثر ہوا جن کا انحصار کمپیوٹر نظام پر ہوتا ہے۔ تاہم پاکستان میں اب تک ایسی کسی تکنیکی خرابی کے بارے میں اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اس خرابی سے سب سے زیادہ عالمی فضائی کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں۔ اب تک دنیا بھر میں ایوی ایشن معاملات پر تجزیہ کرنے والی کمپنی ’سرکم‘ کے مطابق ایک ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس تکنیکی خرابی کے اثرات بڑھیں گے اور منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

بی بی سی سائبر نامہ نگار جو ٹائڈی کے مطابق 2017 میں ہونے والے ایک سائبر حملے کے بعد سے اتنا بڑا آئی ٹی کا مسئلہ سامنے نہیں آیا جب 150 ممالک میں تین لاکھ کمپیوٹر متاثر ہوئے تھے۔

مختلف لوکیشنز پر موجود دفاتر میں ڈیٹا کا تحفظ ایک بڑا چیلنج قرار

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس تکنیکی خرابی کے اثرات بڑھیں گے اور منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔اس تکنیکی مسئلے سے متاثر ہونے والے زیادہ تر ادارے اور تنظیمیں مائیکروسافٹ کے کمپیوٹر سسٹمز سے اپنا کام کر رہی تھیں جس کی وجہ سے پہلا شبہ اسی کمپنی کی جانب گیا۔

مائیکروسافٹ 365 سروس کی جانب سے ایکس سابقہ ٹوئٹر کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ ’ایک مسئلے کی تحقیق کی جا رہی ہے جس سے صارفین کو مائیکروسافٹ 365 کی دیگر ایپس اور خدمات استعمال میں دقّت پیش آ رہی ہے۔‘

تاہم بعد میں مائیکروسافٹ کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی زیادہ تر خدمات گھنٹوں پہلے ہی بحال ہو گئی تھیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل آفس برائے سائبر سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس تکنیکی مسئلے کی اصل وجہ ایک سائبر سکیورٹی کمپنی ہے جس کا نام کراؤڈ سٹرائیک ہے۔

 


متعلقہ خبریں