اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آج یومِ عاشور پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ عاشور پر جلوس نکالے جا رہے ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستے پر رواں دواں ہے، جلوس ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔ اس موقع پر ڈبل سواری پر پابندی سمیت سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں ہیلتھ سینٹرپر حملہ ،2 لیڈی ہیلتھ ورکرز ، 2 بچے ، ایک چوکیدار جاں بحق
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔
پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے ہیں جہاں پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سےبرآمد ہوا۔جلوسوں کی سکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزارافسران و اہلکار تعینات ہیں اور جلوس کی گزر گاہوں کو کلئیر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکارموجود ہیں جب کہ جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے۔
کوئٹہ میں عاشورہ کے جلوس کےموقع پر موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، کوئٹہ کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب سے قبل امام بارگاہ ہزارہ ناصرآباد پہنچ کر ختم ہوگا۔
راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سےبرآمد ہوا، اس موقع پر اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طورپرمعطل ہے۔ مظفر آباد آزاد کشمیر میں بھی یوم عاشور پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی ہے۔
