وزیر اعظم کے ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز نے 10 ہزار میٹرک ٹن چینی خرید لی۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورزنے 141 روپے20 پیسےفی کلو کےحساب سے چینی خریدی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چینی کے اخراجات ملا کر کارپوریشن کو فی کلو تقریباً 156 روپے میں پڑے گی۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے 45 ہزار میٹرک ٹن چینی کا ٹینڈرجاری کیا تھا جبکہ 10 ہزار میٹرک ٹن کی چینی کیلئے بولی موصول ہوئی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی حکام نے صارفین کیلئے چینی کی فی کلو قیمت 109 روپے جبکہ عام صارفین کیلئے چینی کی فی کلو قیمت 155 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، چینی، چاول اوپن مارکیٹ سے مہنگا فروخت کیے جارہے تھے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ سے 860 روپے مہنگا یعنی 2840 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1980 روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح چینی یوٹیلیٹی اسٹورز پر اوپن مارکیٹ کی نسبت 11 روپے سے زائد مہنگی بیچی جارہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا آئندہ سال گندم نہ خریدنے کا فیصلہ
یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 155 روپے کلو اور اوپن مارکیٹ میں 144 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح سیلا چاول یوٹیلیٹی اسٹورز پر اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 31 روپے مہنگے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں چاول 314 روپے میں دستیاب ہیں جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 345 روپے میں فروخت کیے جا رہے تھے۔