ٹک ٹاک نے صارفین کیلئے اہم فیچر کی آزمائش شروع کر دی

TikTok

بیجنگ: ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹاک ٹاک نے 60 منٹ کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا آپشن آزمائش کے لیے پیش کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹِک ٹاک نے کچھ صارفین کے استعمال کے لیے 60 منٹ کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا آپشن آزمائش کے لیے پیش کر دیا۔

ٹِک ٹاک کی جانب سے کیا جانے والا یہ اقدام یوٹیوب سمیت دیگر اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتا ہے۔

اس پائلٹ فیچر کی عوامی سطح پر نشاندہی سب سے پہلے سوشل میڈیا تجزیہ کار میٹ نیوارا نے کی۔ بعد ازاں ٹِک ٹاک نے ایک ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ پر اس فیچر کی تصدیق کی تاہم یہ بات واضح نہیں کہ یہ اپ ڈیٹ کن خطوں میں دستیاب ہوگی اور آیا اس وقت یہ فیچر دیگر صارفین کی رسائی میں بھی ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل بینکینگ اور آن لائن شاپنگ ، سائبر حملہ آوروں کی ہٹ لسٹ پر

کمپنی کے مطابق پلیٹ فارم فی الحال اس فیچر کو وسیع پیمانے پر جاری کرنے کا فوری کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے اس فیچر کا متعارف کرایا جانا اس کی کم ہوتی نمو کو بڑھانے کی تازہ ترین کوشش ہے۔

واضح رہے کہ جب یہ فیچر پہلی بار لانچ کیا گیا تھا تب کونٹینٹ بنانے والے صرف 60 سیکنڈ کی ویڈیو پوسٹ کر سکتے تھے۔ بعد ازاں اس حد کو تمام صارفین کے لیے بڑھا کر 10 منٹ تک جبکہ کچھ تخلیق کاروں کے لیے 15 منٹ تک لے جایا گیا۔

ٹِک ٹاک کے حریف پلیٹ فارم انسٹاگرام ریلز اور یوٹیوب شارٹس میں اتنے ہی دورانیے کی ویڈیو اپ لوڈ کی جا سکتی ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں