سرکاری املاک، اداروں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، عطاتارڑ کا علی امین گنڈاپور کو جواب

Ata Tarar عطا تارڑ

وزیراطلاعات عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے الٹی میٹم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری املاک، اداروں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو اُس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر خوراک ظاہرطورو کا وزیراعظم سے منسوب بیان اُن کی ذہنی اختراع اور حقیقت کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے جھوٹ منسوب کرکے خیبر پختونخواحکومت اپنی ساکھ بنانے کی ناکام کوشش کررہی ہے جبکہ کے پی حکومت خوامخواہ وفاق سے محاذ آرائی پر تلی ہوئی ہے اور اُس کی یہ کوشش ناکام ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بجلی، گندم، محاصل کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بول کر سیاسی آگ بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کبھی وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا اسلام آباد پر حملے تو کبھی پیسکو کے دفتر پر قبضے اور وفاقی حکومت کو 15 دن کی ڈیڈ لائن کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور کا بجلی کے مسئلے پر وفاق کو 15دن کا الٹی میٹم

عطا تارڑ نے کہا کہ ہم سرکاری املاک، اپنے اداروں اور محکموں کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور کوئی بھی کسی قسم کی بھول میں نہ رہے، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر آئین اور قانون کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق اور وسائل کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔


متعلقہ خبریں