9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار

9 May

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دے دیا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے توڑ پھوڑ اور جناح ہاؤس سمیت اہم حساس تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں اس قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم نے وہ دلخراش واقعات دیکھے اور اس کی بھرپور مذمت بھی کی۔ 9 مئی کوشہدا کے مجسموں اور یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج کے افسران اور جوانوں میں اعزازات تقسیم

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 9 مئی کو عوام اور اداروں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش کی گئی۔ شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ہر پاکستانی کے دل میں ان کے لیے احترام اور محبت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر آج بھی ہر پاکستانی کا دل افسردہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہدا نے مادر وطن کے لیے قربانیاں دیں اور قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ سیاسی قوتیں پاکستان کو درپیش چیلنجزپر قابو پانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں