ریو ڈی جنیرو: جنوبی برازیل میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے 39 افراد ہلاک اور 70 سے زائد لاپتہ ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرینڈے ڈو سول میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یوروگوائے اور ارجنٹینا کی سرحد سے متصل ریاست میں 23 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برازیل کے کئی شہر متاثر ہوچکے ہیں اور نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔ کئی شہروں میں گلیاں دریاؤں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ جہاں سڑکیں اور پل تباہ ہوچکے ہیں۔
بارشوں کے باعث لینڈسلائیڈز اور ہائیڈروپاور پلانٹ کے ڈیم کا ڈھانچہ جزوی طور پر گر گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی بلدیاتی انتخابات، پاکستانی نژاد کونسلر کامیاب، حکومتی ڈپٹی لیڈر کو شکست
سرکاری حکام کے مطابق بینٹو گونکلیوز میں ایک اور ڈیم بھی تباہ ہونے کے دہانے پر ہے اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ریاست ریو گرینڈے ڈو سول میں گزشتہ برس ستمبر میں بھی طوفانی بارش ہوئی تھی اور سائیکلون کے نتیجے میں سیلاب سے 50 سے زائد افرد ہلاک ہوگئے تھے۔