ایم کیو ایم کے خلاف ہر سازش ناکام بنا دیں گے، خواجہ اظہار

ایم کیو ایم بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں میں ملوث ہے، فردوس شمیم نقوی


اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے تمام اختلافات ختم کردیے ہیں اور اب ایم کیو ایم کا مرکز بہادر آباد ہی ہو گا۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں اب کوئی اختلاف نہیں، ہم ایم کیو ایم کے خلاف تقسیم کی سازش کو ناکام بنا دیں گے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کا اگلا وزیراعلیٰ ایم کیو ایم کا ہو گا کیونکہ کراچی والے ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں اور عوام کے مسائل ایم کیو ایم ہی حل کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے انتخاب لڑنا سب کا حق ہے چاہے وہ عمران خان ہوں یا شہباز شریف۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے ایم کیو ایم پر الزام لگایا کہ کراچی میں 20 سال سے ایم کیوایم حاوی رہی ہے اور بھتہ خوری کے علاوہ بوری بند لاشوں میں بھی ملوث ہے۔

انہوں نے پیپلزپارٹی پر بھی الزام عائد کیا کہ عوام میں پھوٹ ڈالنے والے ہی اس شہر کے دشمن ہیں اور کراچی کی سب سے بڑی دشمن پیپلز پارٹی ہے۔

فردوس شمیم  نقوی نے کہا کہ اس شہر نے تمام جماعتوں کو آزما لیا ہے اور اب باری تحریک انصاف کی ہے، کراچی شہر کوامن چاہیے اور تحریک انصاف ہی یہاں امن قائم  کرے گی۔


متعلقہ خبریں