روم: اٹلی کی امیر ترین خاتون نے مرنے سے قبل اپنی تمام جائیداد ملازمہ کے نام کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اٹلی کی امیر اور اثر و رسوخ رکھنے والی خاتون کے رشتہ داروں کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب انہیں پتہ چلا کہ خاتون نے مرنے سے قبل اپنی تمام جائیداد اپنی ملازمہ کے نام کر دی۔
اطالوی خاتون ماریہ مالفٹ کی جائیداد 45 لاکھ ڈالرز بنتی ہے جو انہوں نے مرنے سے قبل البانیہ سے تعلق رکھنے والی اپنی ملازمہ کے نام کر دی۔ خاتون نے اپنے 10 بھتیجوں کو یکسر نظرانداز کر دیا جن کے بارے میں کہا گیا کہ وہ خاتون کی جائیداد پر نظریں جمائے بیٹھے تھے۔
ماریہ مالفٹ قصبے رووریٹو کے سابق میئر اور ویانا پارلیمنٹ کے نائب صدر ولیریانو مالفٹ کی اولادوں میں سے تھیں۔ خاتون کا انتقال 80 سال کی عمر میں ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مالدیپ کے بعد بنگلہ دیش میں بھی ’انڈیا آؤٹ‘ کا نعرہ
واضح رہے کہ خاتون کے پاس بہت سے قیمتی اثاثے تھے جن میں کئی اپارٹمنٹس، قصبے کے مرکز میں ایک تاریخی عمارت اور بینک اکاؤنٹس میں خطیر رقم شامل ہے۔
ماریہ مالفٹ نے کبھی شادی نہیں کی اس لیے ان کی کوئی اولاد بھی نہیں ہے۔