عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹینڈ بائی پروگرام کی منظوری پر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قوم کو مبارکباد دی گئی۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی پروگرام کے لیے اسٹیک ہولڈرز، نگران حکومت اور سیاسی جماعتوں نے اہم کردار ادا کیا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے بھی پروگرام کی حمایت کی گئی تھی۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ فاسٹ فارورڈ آئی ایم ایف کا نیا پروگرام ناگزیر ہے، رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے پراپرٹی پر ٹیکس لگانے کی تجویز دی ہے۔ رئیل اسٹیٹ پر پہلے سے ہی بھاری ٹیکسز ہیں۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری
انہوں نے کہا کہ نان فائلرز پر بھاری ٹیکس کی وجہ سے جائیداد کی منتقلی رُک گئی ہے۔ زیادہ ٹیکسوں کے باوجود صوبوں اور وفاق کو وصولی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہمیں ٹیکسوں کو ثقافت کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف نے 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا جائزہ لیا جس کے بعد پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان 1.1 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری دے دی گئی تھی۔